16 ستمبر ، 2023
مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ نیب ترامیم کے فیصلے میں 90 دن کے ریمانڈ کی شق کو نہیں چھیڑا گیا، لاڈلے کو سوٹ کرنے والی کسی بھی شق کو چھیڑا ہی نہیں گیا۔
لندن میں ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس نے آخری دن بھی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو خوش کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری خلاف کیسز میں دم ہوتا تو ہم خوف زدہ ہوتے، نواز شریف کی واپسی پر قانونی معاملات سے نمٹنے کیلئے ہماری قانونی ٹیم غور کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی اٹل ہے، کوئی کیس ان کی واپسی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کیلئے مشورہ ہے کہ نیا فرنٹ نہ کھولیں، کیونکہ بات نکلی تو دور تک جائے گی۔
ن لیگی رہنما محمد زبیرکا کہنا تھا کہ اگر کسی کو ڈرنا ہے تو پی ٹی آئی کے چیئرمین اور ان کی پارٹی کو ڈرنا چاہیے۔
پریس کانفرنس کے دوران ملک احمد خان کا کہنا تھا پارٹی میں کوئی بھی نیب ترمیمی بل سے مستفید نہیں ہوا۔