21 ستمبر ، 2023
اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے دکانوں کے کرائے اور جائیداد منتقلی کیس میں درخواست گزار کے وکیل پر عدالتی وقت ضائع کرنے پر 5 ہزار روپے کا جرمانہ کردیا۔
سپریم کورٹ میں دکانوں کے کرائے اور جائیداد منتقلی کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ہوئی جس میں دوران سماعت عدالت نے وکیل محمد شعیب خان سے باربار دستاویزات کا پوچھا جس پر وکیل عدالت میں دستاویزپیش کرنے میں ناکام رہے۔
جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے استفسار کیا کہ وکیل نے متعلقہ دستاویزات دکھانے کے بجائے عدالت کا وقت ضائع کیا اور وکیل نے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، آپ کے اس عمل سے عدالت کو آپ پر اعتبار نہیں رہا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ عدالتی وقت کے ضیاع پر آپ کو ایک لاکھ روپے کا جرمانہ کرنا چاہیے تاہم عدالت نے وکیل پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور جرمانے کی رقم اپنی مرضی کے خیراتی ادارے میں جمع کرا کے رسید دینے کی ہدایت کی۔