Time 21 ستمبر ، 2023
پاکستان

سندھ کے کچے میں اینٹی ائیر کرافٹ میزائل کی خبریں، پاکستانی فضائی حدود کیلئے سنگین مسائل

ایاسا کی ایڈوائزری میں برطانیہ کی سابقہ ایڈوائزری کا حوالہ دیا گیا تھا جو کہ غلط تھا کیونکہ برطانیہ اپنی ایڈوائزری پہلے ہی واپس لے چکا ہے: ڈی جی سول ایوی ایشن۔ فوٹو فائل
 ایاسا کی ایڈوائزری میں برطانیہ کی سابقہ ایڈوائزری کا حوالہ دیا گیا تھا جو کہ غلط تھا کیونکہ برطانیہ اپنی ایڈوائزری پہلے ہی واپس لے چکا ہے: ڈی جی سول ایوی ایشن۔ فوٹو فائل

سندھ کے کچے کے علاقے میں سرگرم ڈاکوؤں کے پاس اینٹی ائیر کرافٹ میزائل کی موجودگی کی خبریں پاکستان اور ملک کی فضائی حدود کیلئے شدید نقصان اور مسائل کا سبب بن رہی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ نے جیو نیوز کو بتایا کہ گزشتہ ماہ پاکستانی میڈیا پر سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کی سرگرمیوں سے جڑی خبروں میں ملزمان کے پاس اینٹی ائیر کرافٹ میزائلز کی مبینہ موجودگی کے حوالے دیے گئے، ان خبروں کو جواز بناکر یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستانی فضائی حدود میں پروازوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فضائی حدود کی ایڈوائزری پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یورپ سے اعلیٰ سطح پر رابطہ کیا اور حقائق کے ساتھ ایاسا کو آگاہ کیا کہ ایڈوائزری زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتی۔

خاقان مرتضی نے بتایا کہ ایاسا کو باور کرا دیا ہے کہ پاکستانی حدود کی فضائی ایڈوائزری عجلت میں جاری کی گئی، ایاسا کی ایڈوائزری میں برطانیہ کی سابقہ ایڈوائزری کا حوالہ دیا گیا تھا جو کہ غلط تھا کیونکہ برطانیہ اپنی ایڈوائزری پہلے ہی واپس لے چکا ہے اور برطانوی فضائی ایڈوائزری کے باوجود برطانیہ سے پروازیں پاکستان آ رہی تھیں۔

ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایاسا کی ایڈوائزری پاکستانی ایوی یشن پر انتہائی منفی اثرات کا باعث بن سکتی ہے جس کیلئے مزید مثبت اقدامات کرنا ہوں گے۔

مزید خبریں :