Time 22 ستمبر ، 2023
کھیل

ایشین گیمز میں پاکستانی والی بال ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب

پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دی / سوشل میڈیا فوٹو
پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دی / سوشل میڈیا فوٹو

ایشین گیمز والی بال مقابلوں میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 0-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز میں 28 سال بعد ٹاپ 6 میں جگہ پکی کی۔

ہینگزو میں جاری ایشین گیمز میں والی بال کے ٹاپ 12 راؤنڈ میں عالمی نمبر 51 پاکستان نے عالمی نمبر 27 جنوبی کوریا کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔

پہلے سیٹ میں دونوں کے درمیان سنسنی خیز انداز میں مقابلے کا آغاز ہوا، کبھی ایک ٹیم برتری لیتی تو کبھی دوسری ٹیم سبقت لے جاتی تاہم پاکستان نے اعصاب پر کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 منٹ جاری رہنے والا پہلا سیٹ 19-25 سے جیتا۔

دوسرے سیٹ میں بھی دونوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، 17 آل پر برابر تھا مگر یہاں بھی آخری لمحات میں پاکستان نے غلطیوں پر قابو رکھتے ہوئے دوسرا سیٹ 22-25 سے جیت کر میچ میں برتری حاصل کی۔

یہ ایونٹ چین میں جاری ہے / سوشل میڈیا فوٹو
یہ ایونٹ چین میں جاری ہے / سوشل میڈیا فوٹو

تیسرے سیٹ میں ایک موقع پر مقابلہ 7-7 سے برابر تھا مگر اس کے بعد پاکستان نے برتری حاصل کی اور وقفے وقفے سے پاکستان کی برتری برقرار رہی۔ 28 منٹ جاری رہنے والا تیسرا سیٹ پاکستان نے 21-25 سے جیت کر 0-3 کی کامیابی حاصل کی۔

1994 کے بعد پہلی بار پاکستانی ٹیم ٹاپ 6 ٹیموں میں آئی ہے / سوشل میڈیا فوٹو
1994 کے بعد پہلی بار پاکستانی ٹیم ٹاپ 6 ٹیموں میں آئی ہے / سوشل میڈیا فوٹو

 پاکستان کی جانب سے عثمان فریاد اور مراد خان نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ عثمان نے 20 اور مراد نے 19 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ عبدالظہیر، مصور خان اور مراد جہاں نے بھی نمایاں پرفارمنس دی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ میں 1994 کے بعد پہلی بار ٹاپ چھ ٹیموں میں جگہ بنائی۔ پاکستان کوارٹر فائنل میں اتوار کو قطر سے مقابلہ کرے گی اور فتح کی صورت میں ایران سے سیمی فائنل کھیلے گی۔ 

مزید خبریں :