پاکستان
10 جنوری ، 2013

توقیر صادق کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ، ایف آئی اے کا بیان

 توقیر صادق کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ، ایف آئی اے کا بیان

اسلام آباد…اوگرا عمل درآمد کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران ڈائرکٹر لیگل ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ توقیر صادق کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ، متحدہ عرب امارات میں توقیر صادق کا پتاچلا لیا گیا ہے، توقیر صادق کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔سماعت کے دوران جسٹس جواد ایس خواجہ نے رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ 4 ہفتے سے صرف قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ توقیر صادق کھٹمنڈو کیسے گیا، قانون سب کے لیے برابرہے، توقیر صادق کو خصوصی سہولت فراہم کی گئی۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ بادی النظر میں ہماری ریاستی ایجنسیزنے ثابت کیا کہ قانون امیر آدمی کیلئے نہیں۔ ڈائرکٹر لیگل ایف آئی اے نے بتایا کہ توقیر صادق بیرون ملک کیسے گیا، اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ توقیر صادق کیسے باہر گیا، کوئی اصل بات بتانے کو تیار نہیں، 4ہفتے سے کیس چل رہا ہے کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جا سکی، صرف قیاس آرائیوں پر ٹرخایا جا رہا ہے، پنجاب پولیس کی رپورٹ کے مطابق توقیر صادق کراچی سے بیرون ملک فرار ہوا۔ ڈائرکٹر لیگل ایف آئی اے نے کہا کہ توقیر صادق کی گرفتاری کے بعد ہی معلومات مل سکیں گی۔

مزید خبریں :