Time 24 ستمبر ، 2023
دنیا

تھائی لینڈ: 10 منٹ میں نجی ائیرلائن کی 3 پروازوں کو ہنگامی صورتحال کا سامنا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

تھائی لینڈ میں 10 منٹ کے دوران نجی ائیر لائن ائیر ایشیا کی تین پروازوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جن میں سے ایک پرواز کو ایمرجنسی لینڈنگ کروادی گئی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ائیر ایشیا کی پرواز ایف ڈی 319 نے ہفتے کی دوپہر 2 بج کر 5 منٹ پر بینکاک سے کوالالمپور کیلئے ٹیک آف کیا اور اڑان کے 20 منٹ بعد ائیر بس اے 320 طیارہ 845 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 31 ہزار فٹ کی بلندی عبور کر چکا تھا کہ پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول کو شدید فنی خرابی کی نشاندہی کی اور 2 بج کر 29 منٹ پر ایمرجنسی ڈیکلیئر کردی۔

پائلٹ کی جانب سے ہنگامی صورتحال ڈیکلیئر کرنے کے بعد ائیر ٹریفک کی جانب سے پائلٹ کو واپسی کا رخ کرنے کی ہدایت کی گئی اور طیارہ گلف آف تھائی لینڈ پر 10 ہزار فٹ کی نچلی پرواز کرتے ہوئے روانگی کے 58 منٹ بعد واپس بینکاک لینڈ کرگیا۔

ائیر ایشیا کی دوسری پرواز ایف ڈی 3231 نے بینکاک سے صورت تھانی کیلئے 2 بج کر 34 منٹ پر ٹیک آف کیا، اڑان کے صرف ایک منٹ بعد طیارہ 925 فٹ کی بلندی پر تھا کہ ائیر بس اے 320 طیارے سے ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی صورتحال کے سگنل موصول ہوئے، تاہم دوران پرواز ہی فنی خرابی دور ہوگئی اور طیارہ باحفاظت منزل پر پہنچ گیا۔

ائیر ایشیا کی ایک اور پرواز ایف ڈی 3161 فوکٹ سے چانگ مائی کے راستے میں تھی کہ دوپہر دو بج کر 39 منٹ پر ائیر بس اے 320 طیارے سے بھی ایمرجنسی کے سگنل موصول ہوئے، تاہم طیارے نے منزل پر نارمل لینڈنگ کی۔

مزید خبریں :