28 ستمبر ، 2023
اسلام آباد: احتساب عدالت نے نیب کیسز میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو طلب کرلیا۔
اسلام آباد کی احتساب نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور توشہ خان کیس میں طلبی کے نوٹسز جاری کیے ہیں۔
عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے اور انہیں 24 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں پی پی رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کوبھی 24 اکتوبرکو طلب کیا ہے۔
واضح رہےکہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اپنی مدت ملازمت کے آخری روز نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسے قابل سماعت قرار دیا اور نیب ترامیم کی 10 میں سے 9 ترامیم کالعدم قرار دیدیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 6 سابق وزرائے اعظم کے خلاف کیسز دوبارہ کھل گئے۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں سیاستدانوں کے تمام مقدمات بحال کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام کیسز نیب عدالتوں اور احتساب عدالتوں میں دوبارہ مقرر کیے جائیں۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے نیب ترامیم کالعدم قرار دیے جانے کے بعد بہت سے سیاستدانوں کے خلاف بند ہونے والے مقدمات دوبارہ بحال ہو گئے ہیں۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آصف علی زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس واپس بحال ہو گیا ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ایل این جی ریفرنس احتساب عدالت سے منتقل ہو گیا تھا اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور ریفرنس بھی واپس ہو گیا تھا جو اب دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔
اس کے علاوہ سابق وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی کیسز دوبارہ کھل جائیں گے۔