Time 03 اکتوبر ، 2023
پاکستان

سندھ میں پیپلز پارٹی کیخلاف ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور جے یو آئی ایک ہوگئے

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

سندھ میں پیپلز پارٹی کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان،گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ایک ہوگئے۔

فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں منگل کو جی ڈی اے، ایم کیوایم اور جے یو آئی کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی۔ 

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، ایم کیو ایم پاکستان اور جے یو آئی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے الیکشن کمشنر سندھ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔

جی ڈی اے رہنما صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعلیٰ سندھ کی نامزدگی صرف پیپلز پارٹی نے نہیں کی تھی بلکہ اپوزیشن لیڈر نے جی ڈی اے کے ساتھ مل کر کی تھی، لیکن اب وزیر اعلیٰ ہاوس پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ بن گیا۔

انہوں نے افسران کے بین الصوبائی تقرری اور تبادلوں سمیت الیکشن کمشنر سندھ کو فوری تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ تینوں جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات میں وہ متفقہ اور مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔

جے یو آئی کے رہنما راشد سومرو کا کہنا تھا کہ پہلے ملک میں امن قائم کیا جائے پھر انتخابات کرائے جائیں۔ وہ سندھ کے عوام کو پیغام دے رہے ہیں کہ اب ان کیلئے پیپلزپارٹی کا متبادل پلیٹ فارم موجود ہے۔

تینوں جماعتوں کی جانب سے مسلم لیگ ن کو بھی اتحاد کا حصہ بننے کی دعوت دی گئی۔

مزید خبریں :