02 مارچ ، 2021
حکومت کی اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے سینیٹ انتخابات میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں حکومت کی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے زبیدہ جلال کے گھر ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم رہنما و وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا تھاکہ ایم کیوایم پاکستان پی ٹی آئی کی اتحادی ہے، پیپلزپارٹی کا ایک وفد بھی دو روز پہلے بہادر آباد مرکز آیا تھا لیکن 22 اگست کے بعد سے یہ مختلف ایم کیو ایم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھاکہ وفاقی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ایم کیوایم وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، ایم کیوایم نے کسی بھی معاملے پر وزارت کی بات نہیں کی، شہری ترقی کی بات کی۔
جی ڈی اے کی رہنما و وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھاکہ جی ڈی اے حکومت کی اتحادی جماعت ہے، سینیٹ الیکشن بہت اہمیت رکھتا ہے، تمام اتحادی جماعتوں کی ملاقات ہوئی اور حکومت کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مسلم لیگ (ق) کے رہنما و وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ آج تمام اتحادی جماعتیں اکٹھی ہوئی ہیں۔
اسلام آباد کی نشست سے تحریک انصاف کے امیدوار وزیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھاکہ میرا خاندان 70 سال سے سیاست اورپبلک سروس میں ہے، میرے والد بھٹو کے دور میں سینیئر وائس صدر تھے۔
حفیظ شیخ کا کہنا تھاکہ خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے جس پر اپنی قیادت اوراتحادی جماعت کا مشکور ہوں جنہوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تین مارچ کو اتحادیوں کے ساتھ اکثریت حاصل کریں گے۔
خیال رہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست سے تحریک انصاف کے امیدوار حفیظ شیخ اور اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔