05 اکتوبر ، 2023
مردان کی تحصیل رستم کی رہائشی خاتون کو دھوکے سے 40 لاکھ روپے میں بیچے جانے کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا۔
رستم کلے بازار کی رہائشی فضیلت نامی خاتون کی ویڈیو گزشتہ دنوں وائرل ہوئی تھی، ویڈیو میں فضیلت نے کہا تھا کہ میں پہلے سے شادی شدہ ہوں اور میرے دو بچے بھی ہے ، میرے تین رشتہ دار مجھے زبردستی سے کسی انجان شخص کو فروخت کر کے میری شادی کروانا چاہتے ہیں۔
ویڈیو میں اپنی فروخت سے متعلق دہائی دیتے ہوئے خاتون کا کہنا تھا کہ اسے دھوکے سے 40 لاکھ روپے کے عوض بیچ دیا گیا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس کے والد کو گرفتار کیا تھا، تاہم اب اس معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پولیس کا گھیرا تنگ ہونے پر دوسرے شوہر کے والدین نے خاتون کو تھانے پہنچا دیا۔ایس ایچ او تھانہ درگئی محمد شمس کے مطابق فضیلت اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے اور تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو ویمنز پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ سے متعلق ایک اور ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔