07 اکتوبر ، 2023
نئی دہلی میں کھیلے گئے جنوبی افریقا اور سری لنکا کے میچ میں ورلڈکپ کے متعدد ریکارڈ بن گئے۔
ورلڈکپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلےکھیلتے ہوئے سری لنکا کے خلاف رن کا پہاڑ کھڑا کردیا اور 429 رن کا ہدف دیا، جواب میں سری لنکا کی ٹیم 326 رن پر آؤٹ ہوگئی اور جنوبی افریقی ٹیم 102 رن سے فاتح رہی۔
ورلڈکپ کے اس میچ میں متعدد ریکارڈ بنے۔
میچ میں دونوں ٹیموں کا مجموعی اسکور 754 رن رہا، جنوبی افریقا نے 428 اور سری لنکا نے 326 رن بنائے۔
یہ کسی بھی ورلڈکپ میچ کا سب سے بڑا میچ ایگریگیٹ ہے۔
اس سے قبل 2019 میں آسٹریلیا اور بنگلا دیش کے میچ میں 714 رن بنے تھے۔
اس کے علاوہ پہلی بارکسی ورلڈکپ میچ میں چوکوں اور چھکوں کی سنچری مکمل ہوئی، دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 31 چھکے اور 74 چوکے لگائے۔
اس سے قبل 2015 میں ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے میچ میں مجموعی طور پر 93 باؤنڈریاں شامل تھیں۔
میچ میں مجموعی طور پر 482 رن چوکوں اور چھکوں کی مدد سے بنائے گئے، یہ کسی بھی ورلڈکپ میچ میں باؤنڈریوں سے اسکور ہونے والے سب سے زیادہ رن ہیں۔