Time 12 اکتوبر ، 2023
پاکستان

زینب عباس کیخلاف بیجا ٹوئٹ پر کیس بنانا درست اقدام نہیں، انہیں بلاجواز گھسیٹا گیا: پاکستان

پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو ویزے جاری کرنے پر بھارت سے رابطے میں ہیں اور جلد ویزوں کے اجراء کا مطالبہ کرتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو فائل
پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو ویزے جاری کرنے پر بھارت سے رابطے میں ہیں اور جلد ویزوں کے اجراء کا مطالبہ کرتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو فائل

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ بھارت میں ورلڈکپ کی کوریج کے لیے گئی پاکستانی کمنٹیٹر زینب عباس کے خلاف بیجا ٹوئٹ کی بنیاد پر کیس بنانا درست اقدام نہیں ہے، انہیں جھوٹی ٹوئٹ کے کیس میں بلاوجہ گھسیٹا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا بھارت ورلڈ کپ کا میزبان ہے لہٰذا سکیورٹی مہیا کرنا بھی بھارتی ریاست کی ذمہ داری ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سازگار ماحول فراہم کرنا بھی بھارتی ذمہ داری ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا زینب عباس کے خلاف بے جا ٹویٹ پر کیس بنانا درست اقدام نہیں ہے، بلا جواز کیس میں زینب کو گھسیٹا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو ویزے جاری کرنے پر بھارت سے رابطے میں ہیں اور جلد ویزوں کے اجراء کا مطالبہ کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ایک بھارتی وکیل وینیت جندال نے الزام لگایا تھا کہ زینب عباس نے ہندو مذہب اور بھارت کےخلاف سوشل میڈیاپرپیغامات لکھے، انہوں نے سوشل میڈیا تبصروں کو  پریزینٹر سے منسوب کرتے ہوئے ان کے خلاف درخواست دائر کی اور انہیں ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔

بعد ازاں آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ زینب عباس نے براڈ کاسٹرز اور اپنے میڈیا مینیجر کے مشورے سے سکیورٹی وجوہات پر بھارت چھوڑ دیا ہے۔ بھارتی وکیل نے زینب عباس کے بھارت چھوڑنے کو بڑی کامیابی بھی قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :