12 اکتوبر ، 2023
پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال پر سینیٹ کا اجلاس فوراً بلایا جائے۔
رضاربانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں ایک ہزار سے زائد عمارات کو تباہ کیا گیا، غزہ میں 23 لاکھ افراد کا پانی ، کھانا،بجلی کی سپلائی منقطع ہے، ایسے میں سینیٹ اجلاس نہ بلا کر نگران حکومت پاکستانی عوام کے جذبات کی عکاسی نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کو خوف ہے سینیٹ اجلاس ہوا تو اس کے الیکشن ایکٹ سیکشن 230 سے تجاوز کردہ اقدامات بے نقاب ہو جائیں گے۔
سینیٹر رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ نگران حکومت نیب میں بھرتی نہیں کرسکتی کیونکہ یہ معیادی تقرریاں ہوتی ہیں،جسے منتخب حکومت ختم نہیں کرسکتی۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نجکاری نہیں کر سکتی،سرکاری اداروں کی نجکاری کے طویل مدتی اثرات ہوتے ہیں، پی آئی اےکی نجکاری کا فیصلہ نگران کابینہ نہیں کر سکتی،یہ مشترکہ مفادات کونسل دیکھ سکتی ہے۔