22 اکتوبر ، 2023
استحکام پاکستان پارٹی کے سینیئر رہنما عون چوہدری نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ائیرپورٹ پر ہونے والی ملاقات پر وضاحت پیش کر دی۔
گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی لاہور ائیرپورٹ آمد پر استحکام پاکستان پارٹی کے سینیئر رہنما عون چوہدری نے مسلم لیگ کے قائد سے ملاقات کی تھی۔
جس پر استحکام پاکستان پارٹی نے عون چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان سے نواز شریف سے ملاقات پر وضاحت طلب کرلی۔
تاہم اب جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف سے ذاتی حیثیت میں ملنے گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف کابینہ کا ڈیڑھ سال حصہ رہا ہوں، سیاست سے ہٹ کر انسانی رشتے بھی ہوتے ہیں۔
عون چوہدری کا کہنا تھا کہ پارٹی لیڈر شپ کو اپنی وضاحت پیش کردی ہے۔