13 جنوری ، 2013
لاہور …لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ملک کے دور دراز علاقوں سے لوگوں کی بڑی تعداد منہاج یونیورسٹی اور منہاج القرآن مرکز پہنچنا شروع ہوگئی ہے جس میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ کی تیاریوں کو رات بھر حتمی شکل دی جاتی رہی۔ رات گئے تک تحریک منہاج القرآن کے کارکن ٹرکوں اور ٹرالوں پر بینر،پوسڑ اور لاوڈ اسپیکر لگاتے رہے جبکہ دوسری جانب دور دراز کے علاقوں سے آنے والوں کے لیے خیمے بھی سجا دئییگئے۔ شدید سردی کے باوجود لانگ مارچ کے شرکا اپنے پورے جوش وجذبے کے ساتھ ان خیموں میں موجود تھے۔ ان میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔نعرے لگاتے ہوئے بچے، خواتین،جوان اور بوڑھے ایک دوسرے کے حوصلے بڑھاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کررہے تھے کہ وہ پوری قوم کو کرپٹ حکمرانوں سے ڈاکٹر طاہرلقادری کی سربراہی میں نجات دلائیں گے۔