13 جنوری ، 2013
لاہور…تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہرالقادری کی قیادت میں لاہور سے اسلام آبادتک لانگ مارچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، لانگ مارچ کچھ دیربعد شروع ہونے والاہے۔ تحریک منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں لانگ مارچ کی تیاریاں مکمل ہیں اور خصوصی طور پر تیارکئے گئے ٹرکوں اورگاڑیوں کے علاوہ ایمبولینسز بھی وہاں پہنچ گئی ہیں،تحریکِ منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہرالقادری کی قیادت میں اسلام آبادتک لانگ مارچ کچھ دیربعدماڈل ٹاوٴن لاہورسے شروع ہوگا، شرکاء تحریکِ منہاج القرآن سیکریٹریٹ ماڈل ٹاوٴن پہنچنا شروع ہو گئے،جہاں ان کے لئے خیمے لگائے گئے ہیں، مارچ منتظمین کے مطابق علامہ طاہرلقادری کیلئے خصوصی بم پروف ٹرک تیار کیاگیاہے، جس میں بیڈ لگانے کے علاوہ بیت الخلاء بھی بنایاگیاہے، جبکہ3بلٹ پروف گاڑیاں بھی علامہ طاہر القادری کے استعمال میں رہیں گی، پرائیویٹ سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت کی طرف سے10ہزارپولیس اہلکاروں کی اضافی نفری اور رینجرز کا ایک دستہ بھی سیکیورٹی پرمامور ہوگا،10ایمبولینسز اور بیسیوں گاڑیاں بھی منگوائی گئی ہیں، طاہرالقادری کی گاڑی کے ارد گرد دھماکا خیز مواد کو پھٹنے سے روکنے کیلئے جیمر گاڑی بھی پہنچ گئی ہے، یہ گاڑی اسپیشل برانچ اسلام آباد سے آئی ہے، جیمر گاڑی کی رینج60 فٹ تک ہے۔یہ گاڑی علامہ طاہرالقادری کی گاڑی کے آگے آگے موجود رہے گی۔