25 اکتوبر ، 2023
پنجاب کی نگران کابینہ کا سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطل کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا گیا۔
نگران محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق نواز شریف نے سزا معطل کرانے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کو درخواست دی جس پر وزیر اعلیٰ نے درخواست کا جائزہ لینے کیلئے نگران وزرا پر مشتمل کمیٹی بنائی۔
کمیٹی نے نواز شریف کے وکلا امجد پرویز، عطا تارڑ کو شنوائی کا موقع دیا، اس کے علاوہ کمیٹی نے نواز شریف کے معالج کو بھی تفصیلی طور پر سنا۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ معالج کے مطابق نواز شریف کی طبیعت ابھی مکمل ٹھیک نہیں ہے وہ جیل نہیں کاٹ سکتے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق نگران صوبائی وزرا، بیوروکریٹس، اے جی پنجاب اور دیگر پرمشتمل کمیٹی نے سفارشات بھیجیں، کمیٹی نے ماضی کی مثالوں اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں نواز شریف کی سزا معطل کرنے کی سفارش کی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایاکہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کمیٹی کی سفارشات کو منظور کرنے کا حکم جاری کیا، نگران وزیر اعلیٰ اور کابینہ اراکین کی منظوری کے بعد نواز شریف کی سزا معطل کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ 24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔