26 اکتوبر ، 2023
کراچی: خواجہ اجمیر نگری میں وائن شاپ کے خلاف پولیس کارروائی نہ ہونے پر عدالت نے ایس ایچ او پر برہمی کا اظہار کیا۔
کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں وائن شاپ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی جس دوران عدالت نے ایس ایچ او سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ درخواست پر کارروائی کیوں نہیں کی؟ اب یہاں آکر کہانیاں سنا رہے ہیں۔
دوران سماعت عدالت نے پولیس کی جانب سے کارروائی نہ کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور ڈی آئی جی کو ایس ایچ او اجمیر نگری کے خلاف انکوائری کی ہدایت جاری کردیں۔
عدالت نے جاری حکم میں کہا کہ وائن شاپ کی اجازت دینے میں غیر قانونی کام ہوا ہے تو اس کو دیکھا جائے اور احکامات پر عملدرآمد کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کی جائے۔
دوران سماعت عدالت نے محکمہ ایکسائز کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور درخواست پر مزید سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔