ویڈیو : سمندر میں ونڈ سرفنگ کرنے والے شخص کے اوپر وہیل چھلانگ لگا کر گرگئی

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے جیسن برین نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ سمندر میں ونڈ سرفنگ کا تجربہ انہیں موت کے منہ میں پہنچا دے گا۔

مگر 55 سالہ شخص کو سڈنی کے ایک ساحل پر اس کا تجربہ وہیل سے ٹکرانے کے بعد ہوا۔

وہ Mona Vale نامی ساحل پر ونڈ سرفنگ کر رہے تھے جب ایک ہمپ بیک وہیل پانی سے اچھل کر ان کے اوپر آگری۔

وہیل کے اس ٹکراؤ کی ویڈیو ان کے گو پرو کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔

وہیل سے ٹکرا کر وہ پانی کی گہرائی میں 20 سے 30 فٹ نیچے چلے گئے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جیسن برین کہتے ہیں کہ 'میں ابھی ایک وہیل سے ٹکرایا ہوں'۔

بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ 'مجھے چند سیکنڈ کے لیے لگا تھا کہ میں مرنے والا ہوں'۔

وہیل کے نیچے دبنے کے بعد باہر نکلتے ہوئے انہیں احساس ہوا کہ وہ زیادہ عمر کی وہیل نہیں تھی۔

وہاں سے وہ پانی کی سطح اور پھر اپنے بورڈ پر آئے اور کسی طرح ساحل پر پہنچ کر اپنے دوستوں کو واقعے کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ 'میرے دوستوں کا خیال تھا کہ میں کہانی بنا کر سنا رہا ہوں، اس وقت مجھے خیال آیا کہ کیمرے میں یہ واقعہ ریکارڈ ہو گیا ہے'۔

اس واقعے کو ساحل پر موجود ایک فرد نے بھی دیکھا جو اس وقت اپنے فون سے سمندر کی ویڈیو بنا رہا تھا۔

یہ واقعہ اس کی ویڈیو میں بھی محفوظ ہوگیا تھا۔

جیسن برین کے مطابق وہ خوش قسمت ہیں کہ وہیل زیادہ عمر کی نہیں تھی، اگر وہ بالغ وہیل ہوتی تو ان کا بچنا ممکن نہیں تھا۔

مزید خبریں :