تھانہ بنی گالا کیس: عدالت نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو بری کردیا

اسلام آباد کی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو مقدمے سے بری کیا— فوٹو:فائل
اسلام آباد کی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو مقدمے سے بری کیا— فوٹو:فائل

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو تھانہ بنی گالا میں درج مقدمے سے بری کردیا۔

سول جج قدرت اللہ نے علی امین گنڈا پور کیخلاف احتجاج کے دوران راستے کے تنازع پر شہری کے زخمی ہونے سے متعلق تھانہ بنی گالا میں درج مقدمے کی سماعت کی۔

مدعی مقدمہ عامر زمان اپنے وکیل رضوان اعظم عباسی کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ وقوعے میں زخمی ہونے والا شہری ملک سے باہر ہے، علی امین گنڈا پور دفعہ 109 کی حد تک نامزد تھے، ان سے  راضی نامہ ہو چکا ہے اور نامزد تمام ملزمان کو بھی معاف کر دیا ہے۔

عدالت نے اسکائپ کے ذریعے زخمی ہونے والے شخص کا بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی۔ آن لائن بیان ریکارڈ کراتے ہوئے زخمی ہونے والے شخص محمد ولید نے عدالت میں بیان دیا کہ میں نے فی سبیل اللہ تمام ملزمان کو معاف کر دیا ہے۔ 

عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو مقدمے سے بری کر دیا۔

دوسری جانب آڈیو لیکس کیس میں تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں وزيراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفورکاکڑ کی عدالت میں پیش ہوئے تاہم ان پر فردِ جرم عائد نہ ہوسکی۔

عدالت نے فردِ جرم اگلی سماعت 25 مئی تک مؤخر کردی جبکہ علی امین کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

توڑپھوڑ اور احتجاج کے کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے علی امین کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کردی۔

مزید خبریں :