13 جنوری ، 2013
لاہور … پنجاب کے وزیر ِقانون رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ طاہر القادری کا ڈرامہ بْری طرح فلاپ ہوچکا، لانگ مارچ پر خرچ ہونے والے ڈیڑھ ارب روپے کی تحقیقات کی جائیں گی اور طاہر القادری کے خلاف ملک میں فساد برپا کرنے کا کیس دائر کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ طاہر القادری کے ساتھ وہ لوگ ہیں جو منہاج القرآن کے تنخواہ دار ہیں اور ملازمت جانے کے ڈر سے ان کا ساتھ دے رہے ہیں، کچھ وہ لوگ ہیں جو طاہر القادری کی چرب زبانی کا شکار ہیں۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ خود تو علامہ بلٹ پروف گاڑی میں ہیں، لیکن کارکن عام بسوں میں سوار ہیں۔ پنجاب کے وزیر ِقانون نے کہا کہ لانگ مارچ کے اخراجات کی تحقیقات کے علاوہ فساد پھیلانے کا کیس بھی دائر کیا جائیگا۔