28 اکتوبر ، 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کا ہماری ملاقات کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کرنا انتہائی نا مناسب بات ہے۔
اپنے بیان میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کسی کے گھر تعزیت کیلئے جانا پختون کلچر کی روایت ہے، مولانا فضل الرحمن کے گھر ان کی خوش دامن اور باجوڑ سانحے کی تعزیت کیلئے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کا ہماری ملاقات کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کرنا انتہائی نا مناسب بات ہے، مولانا فضل الرحمان ہمارے سیاسی حریف ہیں اور ان کے ساتھ الیکشن میں بھرپور مقابلہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی سب سے بڑی جماعت ہے، ہم اپنی پارٹی کے ایجنڈے، منشور اور نشان پر الیکشن لڑیں گے۔
نواز شریف سے متعلق اسد قیصر نے کہا کہ نوازشریف ڈیل کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے، ان کو لایا گیا اور کیسز ختم کیے گئے، اس سے واضح ہے کہ ان کو وزیراعظم بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ اگر اس طرح الیکشن ہوا تو یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا دھاندلی والا الیکشن ہوگا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ دونوں جماعتیں ملکی سیاست میں سخت حریف سمجھی جاتی ہیں۔