14 جنوری ، 2013
کوئٹہ…سانحہ کوئٹہ پرپوراملک 3روز سے سراپا احتجاج ہے مگر برطرف وزیراعلی علاج نہیں رشتہ دارکاداخلہ کرانے کیمبرج یونیورسٹی میں موج کرتے پائے گئے ہیں۔نواب اسلم رئیسانی کئی روز سے لندن میں ہیں اور وہ اس سے پہلے دبئی میں تھے۔ انکشاف ہواہے کہ برطرف وزیراعلی کیمبرج یونیورسٹی میں اپنے کسی عزیز کے داخلے کے سلسلے میں مصروف ہیں اور وہیں انھیں معلوم ہواہے کہ ان سے عہدہ لے کر صوبے میں گورنر راج نافذکردیاگیاہے۔ نواب اسلم رئیسانی 1999 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے تھے جبکہ 2008 ء کے انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بھی منتخب ہوئے۔ بلوچستان کی وزارت اعلیٰ سنبھالنے کے بعد اپنی حکومت کے خاتمے تک نواب اسلم رئیسانی اپنے مزاحیہ تبصروں کے باعث خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں۔ جعلی ڈگری پر ان کا تبصرہ تو ضرب المثل بن گیا ہے۔ ان پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ صوبے میں امن وامان کی خراب صورت حال کے باوجود وہ اپنا زیادہ تر وقت بلوچستان سے باہر گزارتے تھے۔ بلوچستان امن و امن کیس میں بھی سپریم کورٹ نے صوبائی حکومت پر شدید تنقید کی تھی اور اسے ناکام قرار دیا تھا تاہم نواب اسلم رئیسانی نے عہدہ چھوڑنے سے انکار کردیا تھا۔