14 جنوری ، 2013
اسلام آباد… پاکستان اور بھارت کے عسکری حکام کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فلیگ میٹنگ میں پاکستان نے سیز فائر کی خلاف ورزی کا بھارتی الزام مسترد کر دیا اوربھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گذشتہ آٹھ سال سے زائد عرصے سے چلے آرہے لائن آف کنٹرول پرسیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔پیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان بریگیڈیئر سطح کی فلیگ میٹنگ کنٹرول لائن پر پونچھ سیکٹر کے علاقے چھکن داباغ میں ہوئی جس میں دونوں جانب سے اہم نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر دونوں ممالک کے حکام نے سیز فائر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔فلیگ میٹنگ میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا گیا ، عسکری ذرائع کے مطابق پاکستانی کمانڈر نے6 اور 8 جنوری کو بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک حوالدار اور ایک نائیک کی شہادت کے واقعات سمیت دو ہفتوں میں دس سے زائد باربھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھایا۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارتی فوج کا یہ الزام یکسر مسترد کردیا کہ پاکستانی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی ، پاکستان کی جانب سے یہ بھی مطالبہ بھی کیا گیا کہ بھارت ایک معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے مابین گذشتہ آٹھ سال سے زائد عرصے سے لائن آف کنٹرول پر چلے آرہے سیز فائر کا احترام کرے۔