مارک زکربرگ مارشل آرٹ ٹریننگ کے دوران زخمی ہوکر آپریشن کرانے پر مجبور

مارک زکربرگ / انسٹا گرام فوٹوز
مارک زکربرگ / انسٹا گرام فوٹوز

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کافی عرصے سے جو جسٹو مارشل آرٹ کی تربیت حاصل کر رہے ہیں اور مکسڈ مارشل آرٹ فائٹس کا بھی حصہ بنتے ہیں۔

انہوں نے یہ تربیت اس وقت حاصل کرنا شروع کی تھی جب ان کی کمپنی میٹا کو تنزلی کا سامنا ہوا تھا۔

مگر یہ شوق مارک زکربرگ کو کافی مہنگا ثابت ہوا ہے اور گھٹنے کی انجری کے باعث انہیں آپریشن کرانا پڑا ہے۔

گزشتہ دنوں ایک انسٹا گرام پوسٹ میں مارک زکربرگ نے بتایا کہ مارشل آرٹ ٹریننگ کے دوران انہیں گھٹنے کی انجری کا سامنا ہوا اور سرجری کرانا پڑی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں آئندہ سال کے شروع میں ہونے والی ایک ایم ایم اے فائٹ کے لیے تربیت کر رہا ہوں، مگر انجری کے باعث یہ مقابلہ کچھ تاخیر کا شکار ہو جائے گا'۔

انہوں نے انسٹا گرام پوسٹ میں اپنی چند تصاویر بھی پوسٹ کیں، جن میں وہ کسی اسپتال کے بستر پر لیٹے ہوئے ہیں۔

کچھ عرصے قبل مارک زکربرگ کو تربیت دینے والے ایک انسٹرکٹر Khai Wu نے بتایا تھا کہ آپ اندازہ بھی نہیں کرسکتے کہ وہ کتنے خطرناک فائٹر ثابت ہوسکتے ہیں، درحقیقت وہ تو ایک خاموش قاتل ہیں۔

مئی 2023 میں مارک زکربرگ نے اپنے پہلے جو جسٹو ٹورنامنٹ میں ایک گولڈ اور سلور میڈل جیتا تھا۔

ٹیسلا اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے بھی کچھ عرصے قبل مارک زکربرگ کو کیج فائٹ کا چیلنج دیا تھا جس کو میٹا کے چیف ایگزیکٹو نے قبول بھی کیا۔

مگر بعد میں انہوں نے کہا کہ ایلون مسک اس مقابلے کے لیے سنجیدہ نہیں اور اب وہ اس کا خیال ترک کر چکے ہیں۔