07 نومبر ، 2023
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہےکہ ہر جماعت کو حق حاصل ہے کہ اپنی کامیابی کےلیے جدوجہد کرے اور کوئی جماعت تسلیم کرلے کہ دوسری جماعت کا وزیراعظم ہوگا تو اس کا مطلب شکست تسلیم کرنا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے ہم اکثریت حاصل کر لیں گے، ہمیں اندازہ ہے کہ پیپلز پارٹی سیاسی جماعت ہے اس طرح کی نہیں کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو الیکشن سے باہر نہیں نکالا جانا چاہیے، پی ٹی آئی الیکشن میں حصہ لے لیکن وہ ٹولہ جو 9 مئی میں ملوث ہے اس کے خلاف قانونی کارروائی ہو۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مدعی نے تعین کرنا ہے کہ کس کا جرم قابل معافی اور کس کا نہیں ہے، ریاست نے فیصلہ کرنا ہے کہ کس کی کیا سزا اور جزا ہوگی۔
سابق وزیر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں ہر سیٹ پر امیدوار کھڑا کرے اور ایسا ہی (ن) لیگ سندھ میں کرے، سندھ میں ہماری پوزیشن ابھی ایسی نہیں کہ ہر سیٹ پر امیدوار دے سکیں اسی لیے اتحاد کرنا چاہیے۔