دنیا
Time 08 نومبر ، 2023

کسی کو ہماری سر زمین پاکستان کیخلاف استعمال کرنےکی اجازت نہیں، ترجمان افغان حکومت

افغان حکومت نے نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امارت اسلامیہ کسی کو افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔

بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا پاکستان میں بے امنی پھیلانے والوں میں غیر قانونی تارکین وطن کا ہاتھ ہے، دہشتگردوں نے پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے، دہشت گرد افغانستان کی سر زمین استعمال کرتے ہیں، افغان عبوری حکومت کو سفارتی، سیاسی، فوجی، رسمی اور غیر رسمی ذرائع سے افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کا قلعہ قمع کرنے کا واضح پیغام دیا جاتا رہا۔

وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے بیان پرترجمان افغان حکومت ذبیح اللہ مجاہد نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت یا کسی کے خلاف اقدامات نہیں چاہتے۔

 ترجمان افغان حکومت نے کہا کہ ہم اپنے ملک کی طرح پاکستان میں بھی امن کے خواہاں ہیں، امارت اسلامیہ کسی کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنےکی اجازت نہیں دیتی۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان کے اندر قیام امن امارت اسلامیہ کی ذمہ داری نہیں، اپنے مسائل خود حل کریں، اپنی ناکامی کا ذمہ دار افغانستان کو قرار نہ دیں، پاکستان میں بے امنی کے واقعات دلیل نہیں کہ اس کے پیچھے افغانستان ہے۔

ترجمان افغان حکومت ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں کہ افغانستان میں اسلحے محفوظ ہیں،کسی غیر ذمہ دار کے ہاتھ نہیں لگے، اسلحےکی اسمگلنگ ممنوع ہے، ہر غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان برادر، پڑوسی کی طرح پاکستان سے اچھے تعلقات چا ہتا ہے، پاکستان کو بھی افغان حکومت کی حسن نیت کا ادراک کرنا چاہیے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ کسی دوسرے ملک میں مداخلت نہ کرنے کے ہمارے عزم پر کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔

مزید خبریں :