15 جنوری ، 2013
اسلام آباد…تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہسیاسی قیادت کی نااہلی کے باعث دہشت گردی کیخلاف نیشنل پالیسی نہیں بن سکی،دہشت گردی کے واقعات حکومت کی ناکامی ہیں،دہشت گردی کیخلاف فوج کی قربانیوں کو حکومت نے ضائع کردیا۔سربراہ تحریک منہاج القرآن طاہر القادری کالانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ پرامن، آئینی اور قانونی ہے، ہم بدامنی پھیلانے نہیں بلکہ بد امنی کاخاتمہ کرنے آئے ہیں، اگر لانگ مارچ کے شرکاء چاہیں تو ابھی ایوان اقتدار پر قبضہ کرسکتے ہیں، میں نے اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کی بات کی ہے، میرے ایجنڈے کا ساتواں نکتہ اسمبلیوں کی تحلیل ہے۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ انقلابی احتجاج ہے، ہمارا ایجنڈا 7نکات پر مشتمل ہے، جو پوری قوم کی آواز ہے، آج لانگ مارچ کے اختتام پر انقلاب کا افتتاح ہے،اپنا حق مانگنے کے لیے لوگ اسلام آباد میں جمع ہوئے ہیں، پاکستانی قوم 65 سال سے غربت اور افلاس کی آگ میں جل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو پٹری سے اتارنا نہیں چاہتے، ملین مارچ امن پسنداور عدل پسند ہے۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اپنا حق مانگنے اسلام آباد میں جمع ہوئے ہیں ،جعلی حکومت سے انتقام نہیں لیں گے، پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے اپنے ملک کو بچانے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں غیرآئینی شخص نہیں،آئین کی بالادستی کے لیے آیا ہوں، لوگ حقیقی جمہوریت کے نفاذ کے لیے آئے ہیں۔تحریک منہاج القرآن کے سربراہ نے کہا کہ ہم اسلام آباد میں ایوانوں پر قبضہ کرنے نہیں آئے ہیں، ملین مارچ امن پسنداور عدل پسند ہے، چاہوں تولانگ مارچ کے شرکاایک گھنٹے کے اندرایوانوں پرقبضہ کر سکتے ہیں،غیرقانونی طریقوں پریقین نہیں رکھتا، اگرایسا ہوتا تو لوگوں کو قبضے کا کہتا۔ انہوں نے کہا کہ نہ میں جذباتی ہوں اور نہ لانگ مارچ میں شریک افراد جذباتی ہیں،لانگ مارچ کے شرکا کے جذبات میری مٹھی میں ہیں۔