15 جنوری ، 2013
اسلام آباد…تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کاجواب ملے بغیرنہیں جائیں گے، امن حکمرانوں کی نہیں عوام کی ضرورت ہے، ان کی جمہوریت لوٹ مار کا نام ہے، اصل جمہوریت اور اصلاحات تو عوام کی ضرورت ہے۔اسلام آباد میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہمارے حکمران کرپشن میں گھرے ہوئے ہیں، ہم اپنے معاشرے میں امن دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی ایجنڈے کا پہلا نکتہ ملک کے اندر اور باہر امن ہے، افواج پاکستان اور عوام معاشرے میں امن کیلئے کردار ادا کرسکتے ہیں، ہم ملک کے اندراور باہرامن چاہتے ہیں، اپنے ملک کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی رہنماوٴں کے جسم پربھی ٹیٹو لگے ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھول گئی نواز شریف کے دورمیں بینظیرنے بھی لانگ مارچ کیاتھا، بینظیر لانگ مارچ کریں توجمہوریت، غریب کریں تو جمہوریت کیخلاف۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات خراب ہیں، حکومتی گماشتوں نے خود دہشت گرد پال رکھے ہیں،گھرسے نکلنے والوں کو یقین نہیں ہوتا کہ صحیح سلامت واپس آئیں گے یا نہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہزارہ برادری لاشوں کے ساتھ احتجاج کرتی ہے لیکن کوئی داد رسی کرنے والا نہیں، ایسے حکمرانوں کو حکومت کا کوئی حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام جواب لیے بغیریہاں سے نہیں جائیں گے، نہیں جائیں گے، نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے 25سال کے اثاثے دیکھ لیں، چند سیاسی خاندانوں کے اثاثے ایک ہزار گنا بڑھ چکے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جو شخص حکومتی نااہلیت پر بات کرے اسے دہشت گردی سے ڈرایا جاتا ہے۔انہوں نے لانگ مارچ کے شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ دہشت گردی کی باتوں کے باجود یہاں آئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حکمرانوں کی مونچھوں کے بال ہیں، ملک کے 99 فیصد عوام کو کچھ نہ ملے، کیا یہ جمہوریت ہے؟، عوام اس ظلم کے خلاف کب تک خاموش رہیں گے، قانونی طریقے سے اپنا حق لینے آئے ہیں۔