15 جنوری ، 2013
اسلام آباد…تحریک منہاج القران کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سپریم کورٹ کی جانب سے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی گرفتاری کے حکم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میرا آدھاخطاب ہواتھا اورآدھاکام ہو گیا، میرا باقی آدھا خطاب کل ہوگا اور کام پورا ہوجائے گا، قوم شکرانے کے نفل ادا کرے اور فتح کا جشن منائے۔ لانگ مارچ سے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری کو سپریم کورٹ کی جانب سے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی گرفتاری کے حکم کی خبر دی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے سپریم کورٹ کے حق میں نعرے لگائے اورلانگ مارچ کے شرکاء سے کہا کہ عوام اللہ کے حضور شکرانے کے نفل ادا کریں اور فتح کا جشن منائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا آدھاخطاب ہواتھا اورآدھاکام ہو گیا، میرا باقی آدھا خطاب کل ہوگا اور کام پورا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے انقلاب میں خون نہیں بہے گا، عوام لانگ مارچ میں تعداد بڑھائیں، حکمران 3دن تک نہیں ٹک سکتے، کل مہلت دی تھی کہ اسمبلیاں تحلیل کر دو،ہم یہیں رہیں گے، نہ گولی چلے گی، نہ پتھر پھینکیں گے، میرے دو بھروسے ہیں،رب اور عوام۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ یہ موقع ضائع کر دیا تو لٹیرے بدل بدل کر آئیں گے، پھر کوئی طاہر القادری آپ کو دوبارہ نہیں ملے گا، میں جیت نہ سکا تو زندہ رہنے کے بجائے قبر میں جانے کو ترجیح دونگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر جنگ جیتنی ہے تو کل شام تک اس اجتماع کو دو گنا کر دو، میں آپ کی جنگ لڑ رہا ہوں، گھر میں کیوں بیٹھے ہو، لوگ گھروں سے نکل آئیں، دیکھتے ہیں حکمران تخت پرکس طرح بیٹھے رہتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ گولی، بندوق سے پارلیمنٹ تحلیل کرانے کیلئے نہیں آیا ہوں، جس کو چھوڑ کر جانا ہے چھوڑ کرچلا جائے، کوئی شکوہ نہیں، عوام کیلئے تنہابھی لڑنے کو تیار ہوں، غریبوں کو بے سہارا چھوڑ کرنہیں جاوٴں گا، شہید ہونے کو تیار ہوں، اگرمیراکوئی مفادہوتونبی اکرمﷺ کی شفاعت سے محروم ہوجاؤں۔