14 نومبر ، 2023
پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا (کے پی) غلام علی کی خدمات کے اعتراف میں تاج پوشی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر کو سونے اور چاندی کے دو تاج پہنائےگئے۔
گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کی صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خدمت کے اعتراف میں تقریب کا انعقاد خیبر پختونخوا کی کاروباری شخصیات نے کیا تھا۔
تقریب میں کاروباری شخصیات ، تاجر تنظیموں، آرٹسٹ، اقلیتی برادری سمیت مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں نے گورنر غلام علی کو سونے اور چاندی کے دو تاج پہنائے۔
منتظمین کے مطابق گورنر کے لیے بنائےگئے تاج میں 4 تولے سے زائدکا سونا استعمال کیا گیا، سونے اور چاندی کے تاج کو پشاور کے صرافہ بازار میں تیار کیا گیا۔
تاج پوشی تقریب کے منتظمین کے مطابق گورنر غلام علی نے بحیثیت کونسلر، ناظم، سینیٹر، صدر فیڈریشن پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بعد گورنر بن کر خدمات سرانجام دیں، گورنر نے 51 ملکوں پر مشتمل اسلامی چیمبرآف کامرس اور 8 ملکوں پر مشتمل سارک چیمبر میں شاندار خدمات انجام دیں جس پر انہیں تاج پہنایا گیا۔