21 نومبر ، 2023
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا (کے پی) نے انتہائی مطلوب 152 افراد کی فہرست میں پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)کے ترجمان کا نام بھی شامل کردیا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پختونخوا نے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں پی ڈی ایم اے کے ترجمان احسان داوڑ کا نام فوٹو اور دیگر تفصیلات بھی شیئر کی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان احسان داوڑ سینیئر صحافی رہ چکے ہیں اور ان کا تعلق شمالی وزیرستان میرعلی سے ہے۔
میران شاہ پریس کلب کے صدر صفدر داوڑ نےکہا ہے کہ احسان داوڑ میران شاہ پریس کلب کے ممبر اور سینیئر صحافی رہ چکے ہیں اور آج کل پی ڈی ایم اے کے ترجمان ہیں، ان کا نام دہشت گردوں کی لسٹ میں شامل کرنا قابل مذمت ہے۔
احسان داوڑ نے جیو نیوز کو بتایا کہ وہ اس وقت بھی پی ڈی ایم اے آفس میں موجود ہیں، لسٹ میں اپنا نام دیکھ کر حیرت ہوئی ، میرے نام کو فوٹو کے ساتھ دہشت گردوں کے لسٹ میں کیوں ڈالا گیا؟ ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داران سے مشورہ کرکے ہتک عزت سمیت دیگر قانونی کارروائی کروں گا۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی کے مطابق احسان اللہ خان نامی شخص پر 2019 میں تھانہ انسداد دہشت گردی میں انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، درج مقدمے میں سابق ایم این اے محسن داوڑ اور علی وزیر کے علاوہ پی ٹی ایم کے دیگر افراد کے نام بھی شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی نے وضاحتی بیان میں کہا ہےکہ مطلوب افراد کی لسٹ میں احسان اللہ کے نام میں تضاد پر انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔