کھیل
Time 22 نومبر ، 2023

ورلڈکپ میں شکست: روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا امکان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آئی سی سی مینز  ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل میں شکست کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا امکان ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما جنہوں نے مین ان بلیو کو  ورلڈ کپ 2023 میں  فائنل تک پہنچایا، ان کا اب بھارت کے لیے  ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مزید کھیلنے کا امکان نہیں ہے۔

اتوار کو ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست اور میزبان ٹیم بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی بار ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور بھارتی ٹیم ایک بار پھر آئی سی سی ایونٹ جیتنے میں ناکام رہی۔

اب بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روہت شرما کی جانب سے جلد ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ روہت شرما نے ون ڈے ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہی بورڈ سے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنے مستقبل کے بارے میں بات کی تھی اور اب امکان ہے کہ وہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے جلد ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔

واضح رہے کہ روہت شرما نے 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد سے بھارت کے لیے کوئی  ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلا۔

روہت شرما نے بھارت کی جانب سے 148 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں اور تقریباً 140 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 3853 رنز بنائے ہیں، اس میں 4 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :