16 جنوری ، 2013
لاہور … پاکستان تحریک انصاف نے تحریک منہاج القرآن کے دھرنے میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کرلیا، شفت محمود کا کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کسی غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شفقت محمود کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پولیٹیکل اسٹریٹجی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے دھرنے میں شامل نہیں ہوں گے۔ شفقت محمود نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے اور صاف، شفاف انتخابات کے ذریعے آنے والی حکومت ہی اصل تبدیلی لاسکتی ہے، انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے مطابق نگراں سیٹ اپ ایسا آنا چاہئے جس پر سب کو اتفاق ہو، نگراں حکومت آئین کے مطابق نہ بنی تو یہ سراسر زیادتی ہوگی جسے قوم قبول نہیں کرے گی، مک مکا کے ذریعے بننے والی نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کے راستے میں رکاوٹ پر پی ٹی آئی احتجاج کا حق رکھتی ہے، نگراں حکومت آئین کے مطابق بنی تو الیکشن کمیشن کی طرح اسے بھی قبول کریں گے۔