چوری کرنے گھر میں گھسے چور کی آنکھ لگ گئی، خراٹوں سے پکڑا گیا

چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہونے والا شخص کمرے میں انتظار کرتے کرتے سو گیا__فوٹو: چینی میڈیا
چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہونے والا شخص کمرے میں انتظار کرتے کرتے سو گیا__فوٹو: چینی میڈیا

ویسے تو آپ نے یقیناً کئی ڈکیتی اور چوری کے واقعات سنے ہوں گے جہاں ملزم پکڑ لیا جاتا ہے لیکن حال ہی میں چین میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جو  اس سے قبل شاید ہی کسی نے سنا ہو۔

چینی میڈیا کے مطابق جنوب مغربی چینی صوبے ینان میں 8 نومبر کو یانگ نامی شخص چوری کی نیت سے ایک گھر میں داخل ہوا تو اسے اندر سے باتوں کی آوازیں آتی سنائی دیں جس سے وہ گھبرا گیا۔

چور نے فیصلہ کیا کہ جب تک گھر کے افراد سو نہیں جاتے تو وہ ایک کمرے میں جاکر انتظار کرے گا اور سونے پر واردات کرے گا، یہی سوچ کر وہ ایک کمرے میں گیا اور سگریٹ سلگایا، اتنے میں اس پر نیند طاری ہونے لگی۔

یانگ جو کہ چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہوا تھا وہ اس کمرے میں انتظار کرتے کرتے سو گیا۔

گھر کی مالکن تانگ نامی خاتون جب کمرے میں سونے گئیں تو انہیں خراٹوں کی آواز آئی، جسے پہلے تو انہوں نے پڑوسی کے گھر سے آنے والی آواز سمجھ کر نظر انداز کر دیا، بعدازاں جب خراٹے مسلسل آتے رہے تو خاتون  نے آواز کی جانب قدم بڑھا دیے جو انہیں اپنے ہی گھر کے کمرے تک لے گئے۔

انہوں نے جب کمرے کا دروازہ کھولا تو وہ ایک انجان شخص کو فرش پر سوتا دیکھ کر حیران رہ گئیں۔ 

تانگ جلدی سے کمرے سے نکلیں اور اپنے گھر والوں کو بتایا اور پولیس کو بلایا، جس کے بعد چور کو گرفتار کر لیا گیا۔ 

رپورٹس کے مطابق یانگ کا کرمنل ریکارڈ بھی تھا، گزشتہ برس بھی اسے چوری کی واردات میں ملوث ہونے پر جیل بھیجا گیا تھا۔

مزید خبریں :