برطانیہ میں سوائن فلو کی نئی قسم کے پہلے انسانی کیس کی تصدیق

یوکے ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی نے اس کیس کی تصدیق کی / فوٹو بشکریہ .gov.uk
یوکے ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی نے اس کیس کی تصدیق کی / فوٹو بشکریہ .gov.uk

برطانیہ میں پہلی بار سوائن فلو کی نئی قسم ایچ 1 این 2 کے انسانی کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

سوائن فلو کی یہ قسم خنریز میں زیادہ عام ہوتی ہے اور یہ پہلی بار ہے جب برطانیہ میں کسی انسان میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی۔

یو کے ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی (یو کے ایچ ایس اے) کے مطابق مریض میں اس بیماری کی علامات کی شدت معمولی تھی اور اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہوچکا ہے۔

برطانوی ادارے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس کیس کی دریافت معمول کی فلو سرویلنس کے دوران ہوئی تھی اور ابھی متاثرہ فرد میں بیماری منتقل ہونے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

بیان میں بتایا گیا کہ مریض کے تعلق رکھنے والے افراد پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔

یہ مریض شمالی یارکشائر میں سامنے آیا تھا اور وہاں کے اسپتالوں میں نگرانی کو بڑھا دیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ پہلی بار ہے جب برطانیہ میں یہ وائرس کسی انسان میں دریافت ہوا۔

واضح رہے کہ سوائن فلو کے وائرس کو انفلوائنزا اے (ایچ 1) کہا جاتا ہے اور ایچ 1 این 1، ایچ 1 این 2 اور ایچ 3 این 2 اس کی مرکزی ذیلی اقسام ہیں جن کے زیادہ تر کیسز خنزیر میں ہی دیکھنے میں آتے ہیں، مگر کئی بار انسانوں میں بھی ان کی تشخیص ہوتی ہے۔

دنیا بھر میں 2005 سے اب تک ایچ 1 این 2 کے 50 انسانی کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، مگر برطانیہ میں اب پہلا کیس سامنے آیا ہے۔

ایچ 1 این 1 وائرس کی وہ قسم ہے جو 2009 میں وبا کی طرح پھیلی تھی اور اس کے لیے ہی سوائن فلو کی اصطلاح استعمال ہونا شروع ہوئی تھی۔

اب یہ وائرس انسانوں میں سرد موسم میں عام گردش کرتا ہے اور اسے سوائن فلو نہیں کہا جاتا۔

یو کے ایچ ایس اے کی جانب سے اس کیس کی تفصیلات عالمی ادارہ صحت کو فراہم کی گئی ہیں۔

مزید خبریں :