30 نومبر ، 2023
افریقی ملک یوگنڈا نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2024 کیلئے کوالیفائی کرکے نئی تاریخ رقم کر دی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے کوالیفائر میں یوگنڈا نے روانڈا کو شکست دے کر اگلے سال ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افریقا ریجن کوالیفائر میں جمعرات کو یوگنڈا کی ٹیم نے روانڈا کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
افریقا ریجن کوالیفائر کی ٹاپ 2 ٹیموں نے اگلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلینا تھا، یوگنڈا سے قبل نمیبیا گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی میں اپنی جگہ پکی کرچکی تھی۔
یوگنڈا کے کوالیفائی کرنے کے بعد افریقا ریجن کوالیفائر میں شامل زمبابوے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں کوالیفائی کرنے کی ریس سے باہر ہوگیا۔
نمیبیا اور یوگنڈا کے کوالیفائی کرنے کے بعد آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کی 20 ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ 2024 میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اس فارمیٹ کا نواں ٹورنامنٹ ہوگا جس کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کرے گا، اس ایونٹ میں 20 ٹیموں شامل ہوں گی جنہیں 5، 5 ٹیموں کے چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ سے ٹاپ 2 سپر 8 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
اس کے بعد 4، 4 کے 2 گروپس میں سے ٹاپ دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
یہ ایونٹ 4 جون سے 30 جون تک کھیلا جائے گا۔