17 جنوری ، 2013
اسلام آباد…چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں حکومتی ٹیم اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے درمیان ڈی چوک پر مذاکرات جاری ہیں۔ حکومتی ٹیم میں چوہدری شجاعت حسین، ڈاکٹر فاروق ستار، افراسیاب خٹک، مخدو م امین فہیم، بابر غوری، خورشید شاہ، عباس آفریدی، فاروق نائیک، قمر زمان کائرہ اور مشاہد حسین سید شامل ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی حکومت کو ڈیڈ لائن کے بعد چوہدری شجاعت اور ڈاکٹر فاررق ستار نے طاہرالقادری کو فون کرکے مذاکرات حکومتی خواہش کا اظہار کیاتھا۔ اس سے قبل ڈاکٹر طاہرالقادری نے ڈی چوک پر لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو 3 بجے تک کی ڈیڈ لائن دی تھی اور کہا تھا کہ اس کے بعد اپنے اگلے اقدام کا اعلان کریں گے، آج دھرنے کا آخری دن ہے، کل دھرنا نہیں ہوگا، آج شام سے پہلے معرکے کو ختم کرنا ہے، حکمران مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں نہ ہی جمہوری مزاج رکھتے ہیں، حکمرانوں کے رویئے نے ثابت کردیا کہ ملک میں امن اور حقیقی جمہوریت کیلئے کوئی گنجائش نہیں، حکمران پہلے دن سے کرپشن پر متفق تھے، ہیں اور رہیں گے، حکمرانوں میں شرم نہیں، مجھ پر الزامات لگانے والے جھوٹے ہیں، جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہے، میں اپنے مقام سے نیچے نہیں اتروں گا ۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو دھرنا ختم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کی جیت ہوگئی ہے، یہ کوئی احتجاج نہیں صرف ایک تبدیلی کا آغاز ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کی تاریخ میں آج تک اتنے زیادہ لوگ اس طرح اسلام آباد نہیں آئے، آپ کی جیت ہو گئی ہے اب دھرنا ختم کر دیں۔