17 جنوری ، 2013
لاہور … لاہور میں آج بھی ینگ ڈاکٹرز نے پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کے آوٴٹ ڈورز میں احتجاجاً کام بند کردیا اور کھلے آسمان تلے میڈیکل کیمپ لگا کر مریضوں کا علاج شروع کر دیا۔ محکمہ صحت پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اسپتالوں کے آوٴٹ ڈورز میں مریض معمول کے مطابق دیکھے جا رہے ہیں اور ہڑتالی ڈاکٹر ناکام ہوچکے ہیں۔ ہڑتالی ڈاکٹروں نے آج صبح آوٴٹ ڈورز کے باہر کیمپ لگا کر مریضوں کا علاج شروع کیا تو اسپتالوں کی انتظامیہ کیمپ ختم کرانے پہنچ گئی، اس پر خواتین ہڑتالی ڈاکٹرز میڈیکل کیمپ چھوڑ کر آوٴٹ ڈورز میں چلی گئیں، لیکن مرد ڈاکٹرز بدستور وہیں مریضوں کو چیک کرتے رہے۔ ہڑتالی ڈاکٹروں اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان اس آنکھ مچولی کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔