پاکستان
17 جنوری ، 2013

منظرامام کا قتل کراچی کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، الطاف حسین

منظرامام کا قتل کراچی کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، الطاف حسین

لندن … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اورنگی ٹاوٴن میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے حق پرست رکن سندھ اسمبلی منظر امام اور انکے محافظوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے حق پرست رکن سندھ اسمبلی منظرامام اور ان کے محافظوں کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور دہشت گردی کے واقعے کو بزدلانہ کارروائی اور شہر کا امن تباہ کرنے کی گھناوٴنی سازش قراردیا ۔ الطاف حسین نے کہاکہ اس سے قبل ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی رضاحیدرسمیت ایم کیوایم کے سینکڑوں کارکنان اور ہمدردوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاچکا ہے اوران کے قاتلوں کو آج تک کیفرکردار تک نہیں پہنچایا گیا اور سفاک دہشت گردوں کو بے گناہ کارکنان وعوام کے قتل کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کو خاک وخون میں نہلانے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے ایم کیوایم کے کارکنان وعوام سے پرزوراپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے اس واقعے پر ہرگز مشتعل نہ ہوں اور شہر کاامن غارت کرنے کی سازش کو سمجھیں اور پرامن رہ کر کراچی کا امن تباہ کرنے کی مکروہ سازش کو ناکام بنادیں۔ انہوں نے کہاکہ منظر امام کا بہیمانہ قتل، ملک بھر میں جاری دہشت گردی کا تسلسل ہے جس نے زندگی کے ہرشعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی جان ومال کو عدم تحفظ کا شکار بنارکھا ہے۔ الطاف حسین نے وفاقی ، سندھ کی صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ منظر امام اور ان کے محافظوں کے سفاکانہ قتل کا فوری نوٹس لیا جائے اور سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے سخت ترین سزا دی جائے۔ الطاف حسین نے منظرامام شہید سمیت تمام شہداء کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیو ایم کے تمام کارکنان و عوام آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ منظر امام شہید سمیت تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

مزید خبریں :