پاکستان
17 جنوری ، 2013

ایم پی اے منظر امام کا قتل، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

ایم پی اے منظر امام کا قتل، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رکن سندھ اسمبلی منظر امام اور ان کے محافظوں کی شہادت کے سانحہ پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔ رابطہ کمیٹی نے کارکنوں اور ہمدردوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منظر امام شہید اور ان کے محافظوں کی شہادت کے سوگ میں اپنے بازوٴں پر سیاہ پٹیاں باندھیں، شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کریں اور ہر قیمت پر پرامن رہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ منظر امام کی شہادت ایم کیو ایم کیلئے ایک بڑا سانحہ ہے، ایم کیو ایم اپنے ایک سینئر کارکن اور انتہائی سرگرم، محنتی، شریف النفس اور عوام میں ہر دلعزیز رکن سندھ اسمبلی سے محر وم ہوگئی ہے۔ اس سے قبل ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی سید رضا حیدر اور سینکڑوں عہدیداروں و کارکنوں کو بھی شہید کیا جاچکا ہے لیکن ان کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا، شہر میں فرقہ وارانہ قتل کی وارداتیں تسلسل کے ساتھ ہورہی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی ایک سوال بنی ہوئی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ امن و استحکام کی خاطر ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور آج بھی اپنے کارکنان و عوام کو صبرکی تلقین کررہی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ہمارے حوصلوں کو پست کرسکتے اور نہ ہی ایم کیو ایم کو اپنے مشن و مقصد سے باز رکھ سکتے ہیں، تمام تر دہشت گردی کے باوجود ایم کیو ایم کے کارکنان الطاف حسین کی قیادت میں اپنی حق پرستانہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ رابطہ کمیٹی نے صدر آصف زرداری، وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اور تمام ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ منظر امام اور ان کے محافظوں کی شہادت کے سانحہ کا نوٹس لے کر اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے، قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور دہشت گردی کے ذریعے ملک کو تباہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں :