17 جنوری ، 2013
لاہور … تحریک انصاف کے مرکزی رہنما خورشید محمود قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور تحریک منہاج القرآن کا تبدیلی کا ایجنڈا ایک ہے ، تاہم الیکشن ملتوی ہونے کے خدشے پر دھرنے میں شرکت نہیں کی۔ یہ بات انہوں نے لاہورکے مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ ن ضلع قصور سے 5 یو سی ناظمین سمیت سیاسی سماجی شخصیات کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس میں کہی۔ خورشید قصوری کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹرطاہر القادری کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو خراب موسم کے باجود 4 دن سے اپنے موٴقف پر ڈٹے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر فائرنگ کے معاملے پر افواج پاکستان کا موٴقف جرأت مندانہ ہے، بھارت اگلے سال نیٹو افواج کی افغانستان سے واپسی کے موقع پر پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششوں میں ہے۔