06 دسمبر ، 2023
سپریم کورٹ نے 6 سال تک حق مہر میں تاخیرکرنے والے شخص پرایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔
تین صفحات پر مشتمل فیصلے میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا ہے کہ حق مہر شرعی تقاضہ ہے جس کا تحفظ ملکی قوانین میں بھی موجود ہے، حق مہر کی ادائیگی کا وقت نکاح نامہ میں مقرر نہ ہو تو بیوی کسی بھی وقت تقاضہ کرسکتی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کیس میں بیوی کو حق مہر کے حصول کیلئے مقدمہ دائر کرنا پڑا جو 6 سال بعد سپریم کورٹ پہنچا، عدالتوں نے غیر ضروری اپیلیں دائر کرنے پر شوہر کو جرمانہ عائد نہیں کیا، غیر ضروری اپیلوں پر جرمانہ کیا ہوتا تو نوبت یہاں تک نہ پہنچتی، غیرضروری اپیلیں دائر کرنے سے عدالتی نظام مفلوج ہوتا جارہا ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ بلاوجہ کی مقدمہ بازی ختم کرنے کیلئے عدالتوں کو جرمانہ کرنے سے ہچکچانا نہیں چاہیے۔
عدالت نے بیوی کو حق مہر میں تاخیر پر خاوند پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا اور خالد پرویز کی اہلیہ ثمینہ کو حق مہر کی ادائیگی کے حکم کے خلاف اپیل خارج کر دی۔