17 جنوری ، 2013
اسلام آباد … علامہ طاہر القادری اور حکومتی وفد کے مذاکرات مثبت انداز سے آگے بڑھ رہے ہیں، نگراں سیٹ اپ کے قیام میں پارلیمنٹ کے اندر موجود جماعتوں کے ساتھ پارلیمنٹ کے باہر جماعتوں کو بھی مشاورت میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی وفد اور علامہ طاہر القادری کے درمیان جاری مذاکرات اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ حکومتی وفد نے طاہر القادری کو یقین دہانی کرائی کہ نگراں حکومت بنانے میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ حکومتی وفد نے طاہرا لقادری کو آزادانہ، شفاف انتخابات کے انعقاد کی بھی یقین دہانی کرائی، جبکہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر عمل درآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امید ہے مذاکرات میں مسائل کا جلد حل نکل آئے گا۔