17 جنوری ، 2013
حیدر آباد … کراچی میں رکن سندھ اسمبلی منظر امام کے قتل کے خلاف حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات کے بعد کاروباری مراکز بند ہوگئے۔ حیدرآباد میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی کو آگ لگادی جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ حیدرآباد کے علاقے تلک چاڑی، گاڑی کھاتا، حیدر چوک، گل سینٹر، قاضی عبدالقیوم روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے بعد دکانیں اور بازار بند ہوگئے۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک خاتون بھی جاں بحق ہوگئی۔ تلک چاڑی میں مشتعل افراد نے ایک گاڑی کو بھی آگ لگادی۔ نوابشاہ، ٹنڈوالہیار اور دیگر علاقوں میں بھی نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کرکے دکانیں بند کرادیں۔