17 دسمبر ، 2023
پاکستان پیپلزپارٹی نے پاکستان تحریک انصاف سے انتخابی اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
صدر علی آصف زرداری نے گورنر ہاؤس میں گورنر کے پی غلام علی سے ملاقات کی جس میں پیپلز پارٹی کا وفد اور جے یو آئی (ف) کے رہنما بھی موجود تھے، ملاقات میں صوبےکی سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا ملک محمد سعید نے جیو نیوز کو بتایا کہ گزشتہ روز آصف زرداری سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، ملاقات میں انتخابات سے متعلق بات چیت کی گئی۔
اب آصف علی زرداری کی گورنر ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سابق صدر نے پارٹی رہنماؤں کو پی ٹی آئی سے انتخابات میں اتحاد نہ کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ دیگرجماعتوں سے اتحاد کا فیصلہ صوبائی قیادت کرےگی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق بات بھی ہوئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر پشاور پہنچے تھے اور سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ان کا قیام گورنرہاؤس پشاور میں ہے۔