19 دسمبر ، 2023
بھارت نے ایک بار پھر پاکستان میں نہ کھیلنے کے لیے حیلے بہانے شروع کردیے ہیں۔
پاکستان کے ساتھ ڈیوس کپ 2024 کے فروری میں ہونے والے میچز کی میزبانی کے فیصلےکے خلاف بھارت نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈیشن میں اپیل کردی۔
گزشتہ ماہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈیشن نے آل انڈین ٹینس ایسوسی ایشن کےسکیورٹی خدشات کو مسترد کر دیا تھا اور آل انڈین ٹینس ایسوسی ایشن کو ڈیوس کپ ٹائی کے لیے اپنی ٹیم بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔
کمیٹی نے متفقہ فیصلے میں کہا تھا کہ پاکستان میں ایسی کوئی صورت حال نہیں جس کی وجہ سے بھارت کی ٹیم ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت نہ کر سکے لیکن بھارت نے اس فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل دائر کرتے ہوئے یہ بہانہ بنایا ہےکہ پاکستان میں 8 فروری سے الیکشن ہیں جس سے سیکورٹی خدشات ہیں اور الیکشن سے صرف چار دن قبل بھارتی ٹینس ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن بھارتی اپیل پر 21 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں فیصلہ سنائے گی۔
یاد رہےکہ بھارت کی ٹیم نے 2019 میں بھی ڈیوس کپ ٹائی کے لیے پاکستان آنا تھا لیکن اسی طرح کی صورت حال کے سبب وہ ٹائی قازقستان منتقل کردیا گیا تھا۔