31 دسمبر ، 2023
فیصل آباد: استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما ہمایوں اختر خان نےکہا ہےکہ کہا جا رہا ہے ہمایوں اختر آئےگا اور چلاجائےگا، اعلان ہے اب آگیا ہوں یہی رہوں گا، ہم لوگوں کو تھانے اور پٹواری کی سیاست سے نجات دلائیں گے۔
تاندلیانوالہ میں استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما اور این اے 97 سے امیدوار ہمایوں اختر خان نے میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ 76 سال سے تاندلیانوالہ کا یہ حلقہ لوگوں کو آزما رہا ہے، یہاں بنیادی سہولیات نہیں مل سکیں، جن لوگوں نے اس علاقے کی پگ سنبھالی ان لوگوں نے اس علاقےکو کیا دیا؟
ہمایوں اختر خان نےکہا کہ ہم اس علاقے میں انڈسٹری لگا کر خدمت کر رہے ہیں، اس سے قبل علاقے کے لوگوں کے پاس کوئی چوائس نہیں تھی، برادری ازم چھوڑ کر علاقے کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں تبدیلی آ نہیں رہی تبدیلی آ گئی ہے، ہماری شرافت کی سیاست کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھرپور جواب دیں گے، ہم لوگوں کو تھانے اور پٹواری کی سیاست سے نجات دلائیں گے۔
انہوں نےکہا کہ ہم تجربہ کار لوگ ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ تاندلیانوالہ کو اسلام آباد تک رسائی کیسے دلانی ہے، تاندلیانوالہ کو ترقی دلا کر قومی سطح پر پہچان دلائیں گے، حلقے میں کوئی گاؤں نہیں رہےگا جہاں سڑک نہ ہو، ڈسپنسری نہ ہو، کسانوں کے لیے ویئر ہاؤسز بنیں گے، فصلیں ایکسپورٹ کرائیں گے، نوجوانوں کو ہنر سکھا کر روزگار کے مواقع دیں گے۔