Time 02 جنوری ، 2024
پاکستان

'سردی کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن بنا ہی نہ سکے تو یہ دھاندلی کی طرف راستہ کھولنے کے برابر ہوگا'

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ  ادارے ایک سمت میں جائيں گے تو ملک چلے گا ، ن ليگ نے ملک کو ترقی دی ہے ہم ان سے تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں جیو نیوز سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان  کا کہنا تھا کہ  اگر ووٹوں کا ٹرن آؤٹ کم رہا، سردی کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن بنا ہی نہ سکے تو یہ دھاندلی کی طرف ایک راستہ کھولنے کے برابر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ میرا اپنا تعلق ہے، جسے میں استعمال کروں گا، افغانستان پر اگر میرا اثر ہے، وہ میرے ملک کے مفاد کیلئے ہے، میں افغانستان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے دورے کی دعوت دی،  میں اپنے ملک کے وزیرخارجہ اور اپنی حکومت کو اس مسئلے پر اعتماد میں لے کر جا رہا ہوں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پڑوسی دوست ملک ایک دوسرے کی بہتری کا سبب بنیں، پڑوسی ایک دوسرے کے ملک میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، افغانستان میں غلط فہمیاں، بدامنی پیدا کی گئیں، ان ساری چیزوں کو حل کرنا ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ میں اداروں کے ٹکراؤ کا حامی نہیں ہوں، ادارے ایک سمت میں جائیں گے تو ملک چلے گا، اداروں کے درمیان تصادم ہوگا تو ملک پر منفی اثرات ہوں گے۔

ن لیگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ترقی دی ہے ہم ان کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں، پہلے بھی ہم ایک دوسرے کے ساتھ الیکشن لڑتے رہے ہیں، جو بھی مینڈیٹ ہے اس کو تسلیم کیا جاتا ہے ،  واحد بانی پی ٹی آئی کا مینڈیٹ تھا جو قوم نے تسلیم نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نہ تو ملک کو معاش دے سکے نہ ملک کا نظام ٹھیک ہوا نہ پاکستان کے دوستوں کا اعتماد رہا، ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا، تمام مالیاتی ادارے اسٹیٹ بینک سب آئی ایم ایف کے حوالے ہوگیا، پاکستان کا جی ڈی پی پہلی مرتبہ منفی میں چلا گیا، زیرو پر آگیا۔

مزید خبریں :