کاروبار
Time 05 جنوری ، 2024

وفاق اور کے الیکٹرک کے درمیان نیشنل گرڈ سے ہزار میگاواٹ بجلی فراہمی کا 10 سالہ معاہدہ ہوگیا

وفاقی حکومت اور کراچی میں بجلی کی تقسیم کار نجی کمپنی کے الیکٹرک کے درمیان کراچی کو نیشنل گرڈ سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی فراہمی کا 10 سالہ معاہدہ ہوگیا۔

پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدوں پر دستخط توانائی اور خزانہ کے نگران وزرا کی موجودگی میں ہوئے۔

معاہدوں پر کے الیکٹرک کے ایم ڈی مونس علوی اور پاور ڈویژن کے حکام نے دستخط کیے۔

کے الیکٹرک اور حکومت کے درمیان پاور پرچیز معاہدے کے تحت نیشنل گرڈ سے کراچی کو دس سالوں تک ایک ہزار میگاواٹ بجلی فراہم ہو گی، اس سے قبل 2015 میں کے الیکٹرک کے ساتھ نیشنل گرڈ سے بجلی فراہمی بغیر کسی معاہدے کے جا رہی تھے۔

حکومتی اداروں اور کے الیکٹرک کے درمیان ماضی کے واجبات کی ادائیگی میں ثالثی کیلئے بھی معاہدے پردستخط کیے گئے۔

 کے الیکٹرک کو بر وقت سبسڈی ادائیگی کیلئے بھی معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

وزیر توانائی محمد علی نے کراچی شہر کو مستحکم توانائی کی فراہمی کیلئے ان معاہدوں کو بہت اہم قرار دیا ہے اور کراچی کے شہریوں کو مبارک باد دی ہے۔

مزید خبریں :